حکومت کا دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ، شام5 بجے بندکرنا ہوں گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت نے اشیاء ضروریہ کے علاوہ تعمیرات سے متعلقہ کاروبار اور دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا

ہے۔ شام5 بجے دکانیں بند کرنا ہوں گی، مخصوص او پی ڈیز بھی کھولی جائیں گی، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفننگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں 6 چیزوں پر اتفاق ہوا ہے، کنسٹرکشن اور چھوٹی دکانیں کھولنے پر اتفاق ہوا ہے۔ سحری کے بعد شام 5 بجے تک دکانیں کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے، رات کو دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مخصوص او پی ڈیز بھی کھولنے کا فیصلہ ہوا، تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج تک جتنے بھی فیصلے ہوئے صوبوں کی مشاورت سے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کا فیصلہ تھا کوئی بھی اقدام صوبوں سے مشاورت کے بغیر نہ کیا جائے۔ وزیراعظم چاہتے تو آئینی اختیار کا استعمال کر کے فیصلے مسلط بھی کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کہا جاتا ہے کہ معیشت زیادہ ضروری ہے یا انسانی زندگی زیادہ اہم ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ آج این سی سی اجلاس میں مختلف تجاویز دی گئیں اور 6 فیصلے کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ سحری کے بعد بھی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، ہسپتالوں کی او پی ڈیز بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، تعلیمی اداروں کو بند رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ کئے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹی مارکیٹوں، محلوں و دیہی علاقوں کی دکانیں جہاں کوئی بڑا ہجوم جمع نہیں ہوتا انہیں کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔