
اسلام آباد (اے پی پی) بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے7مئی کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن (ایل اوسی) کے
نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹرز میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔
بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 6 بیگناہ شہری شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سینئر سفارتکار کو جمعہ کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا۔
بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحا ًمنافی ہے۔
بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔بھادت نے رواں سال کے دوران 989 مرتبہ بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔
ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ بھارت پر زوردیا گیا کہ وہ 2003 ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔














