تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، عبد الحفیظ شیخ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروباء سے پاکستان کی

برآمدات کو شدید دھچکا لگا ہے، حکومت احتیاطی تدابیرکو بروئے کارلاتے ہوئے معیشت کو چلانے کی کوشش کررہی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی ہے۔عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارسمیت تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔موجودہ حکومت نے اپنے پہلے سال یہی کوشش رہی کہ معیشت کو کیسے سنبھالا جائے،ہم نے کوشش کی کہ حسابات جاریہ کے خسارے کو کم کریں اوراس میں ہمیں کامیابی ملی ہیں، حکومت نے کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ میں خاطرخواہ کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔
وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت نے جو اقدامات کئے تھے۔ اس کے مطابق ہمارا اندازہ تھا کہ مجموعی قومی پیداوارمیں اضافہ ہوگا تاہم کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے اب جی ڈی پی میں کمی کا اندازہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں برآمدات میں اضافہ ہورہاتھا جبکہ روپیہ کی قدرمیں استحکام آرہاتھا، ہماری کوشش تھی کہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کریں تاہم وباء کی وجہ سے باعث پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اوراس کے اثرات پاکستان پربھی مرتب ہوئے۔