عمران خان کی سوچ کا محور ملک کے کمزور طبقات کی فلاح ہے،شبلی فراز

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے انتخابی عمل میں شفافیت کے لیے

اصلاحات کی تجاویز کو سراہتے ہوئے مختلف اداروں کے سربراہوں کی تعیناتی کیلئے متعلقہ قواعد و ضوابط میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس کا ایجنڈا 7نکاتی تھا، کابینہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے لیے 39 تجاویز پیش کی گئیں، یہ تجاویز اعظم سواتی نے پارلیمانی امور کے وزیر کی حیثیت سے تیار کی تھیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان تجاویز کو سراہا ہے۔ ان میں انتخابی نتائج کی بروقت ترسیل و اعلان، سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات سے چار ماہ قبل الیکشن پلان کو حتمی شکل دینا، حلقہ بندیوں کے وقت اور امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی تعداد، انتخابی اخراجات، بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی واحد سیاسی حکومت ہے جو انتخابی عمل اور نتائج کو مکمل شفاف بنانا چاہتی ہے، انتخابی عمل میں موجود خامیوں کو دور کر کے اسے زیادہ شفاف اور منصفانہ بنانا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے تاکہ عوام کا اعتماد بڑھے۔
۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے نیشنل کمیشن برائے سٹیٹس آف وومن کے ارکان کے ناموں کی منظوری کے ساتھ ساتھ ادارہ برائے شماریات اور مختلف محکموں میں اہم تعیناتیوں کی بھی منظوری دی ہے۔