
اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان
عناصر سے ملک کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے کسی دباؤ، پریشر، دھمکی اور پراپیگنڈہ کی پرواہ کئے ایک منزل کا تعین کیا ہے،جس کا مقصد صرف اور صرف وطن عزیز پاکستان کو کرپشن فری بنانا ہے،۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب کے افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو قومی خدمت سمجھتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر قانون کے مطابق سختی سے عمل پیرا ہے۔
ہاؤسنگ سوسائٹیوں / کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں، عوام کو بڑے پیمانے پر مضاربہ کے نام پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے لوٹنے والوں، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے والوں، منی لانڈرنگ کرنے والوں وغیرہ کے خلاف نیب کی تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور لائے جاتے رہیں گے تاکہ عوام اور ملک کی لوٹی گئی رقوم برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں نیب کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے یہی وجہ ہے کہ نیب کی شاندار کارکردگی کو قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں نے نہ صرف سراہا ہے بلکہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے میں 59 فیصد عوام نے نیب کی کارکردگی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔














