
اسلام آبا (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وباء کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کے لئے احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کے عمل
کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
وزیراعظم نے
پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں قائم احساس کیش کی تقسیم کے مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متاثرین میں 12 ہزار روپے فی کس ایمرجنسی کیش امداد کی تقسیم کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث بیروزگار ہونے والے مختلف متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور ان کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر متاثرین نے ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے مالی امداد فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے متعدد فیصلے کئے ہیں اور معیشت کے مختلف شعبوں کو کھول دیا ہے۔ اس موقع وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو ایمرجنسی کیش گرانٹ کی تعمیر کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے تحت حاصل ہونے والے عطیات احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے لئے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت کورونا کی وباء کے باعث بیروزگار ہونے والے متاثرین کو فی کس 12 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں احساس لیبر پورٹل پر 2 مئی کے بعد اب تک 34 لاکھ درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ کورونا ریلیف فنڈ کے تحت اب تک 3 ارب روپے سے زائد فنڈز جمع ہوئے ہیں۔














