
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس سےمزید اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی
تعداد 895ہوگئی جبکہ مزید 1048کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 39642تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 305افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 268اور پنجاب میں 245افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 31، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کل 359،264 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ800 10, مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔خیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید 169کیسز رپورٹ ہوئے اور 14ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5847اور ہلاکتیں 305 ہوگئی ہیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں 4، مردان 2اور صوابی میں ایک ہلاکت ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مزید 86افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1699 ہوگئی ہے۔ سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 674 کیسز اور 13 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلی سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4467 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 674 نئے کیسز سامنے آئے اور 13 ہلاکتیں بھی ہوئی۔صوبے میں نئے کیسز کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 15590اور اموات 268ہوگئی ہیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری پورٹل پر جاری اعداد و شمار میں صوبے میں مزید 147کیسز اور ایک ہلاکت بتائی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2457اور ہلاکتیں 31ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ صوبے میں 383افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسے کورونا وائرس کے مزید 55کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 921ہو گئی ہے جب کہ ایک ہلاکت کے بعد دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی ہے
۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 108 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 76 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب میں جمعے کو کورونا کے 11مریض جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 245 ہوگئی۔














