
اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں دیگرعوامل کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کا بھی
کرداررہاہے، ماضی میں پاکستان میں کرپشن کے حوالہ سے مادرپدرآزادی رہی ہے، آئی پی پیز کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا انہیں شرم تک نہیں آتی۔
انہوں نے یہ بات نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ صدرمملکت نے کہاکہ بدعنوانی کے خلاف جہاد انہوں نے کالج کے دنوں سے شروع کیاتھا،1969 میں تھوڑے وقت کیلئے مجھے گرفتاربھی کیاگیا، اس دور میں زندگی کے نام سے ایک رسالہ نکلتاتھااس نے سرورق کے ساتھ چارپانج صفحوں پراس واقعہ کی کوریج بھی کی۔صدر مملکت نے کہاکہ مشرقی پاکستان کے ٹوٹنے میں بہت سارے عوامل کارفرما تھے اس میں کرپشن کا بھی حصہ تھا،ان کے چور ان کو پیارے ہوگئے اورہمارے چورہمیں پیارے ہوگئے اوربدعنوانی کاسلسلہ جاری رہا۔
صدر مملکت نے کہاکہ بدعنوانی دنیاء میں ہرجگہ موجودہے، یہ انسان کے فطرت کے اندرہیں، دنیا بھرمیں حکومتیں اس کو کنٹرول کرتی رہی ہیں، لیکن پاکستان کرپشن کے حوالہ سے مادر پدرآزاد رہا۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کی مثال ایسی ہے کہ ایک کشتی ہے اوراس میں سونے کی کیلیں لگی ہوئی ہیں، اس میں ہرسوارہر آدمی ایک کیل نکال دیتا ہے اوروہاں انگلی رکھ دیتاہے کہ کسی کو پتہ نہ چلے، اسی طرح اگر ساری کیلیں نکال دی جائے تو کشتی ڈوبنے کاخطرہ بڑھ جاتاہے۔














