اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں وینٹی لیٹرز کی کمی نہیں، اس وقت 4700وینٹی
لیٹرز ملک میں موجود ہیں 128 کووڈ مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر موجود ہیں، ملک میں وینٹی لیٹرز کی تعداد کا 50 فیصد بھی ابھی تک استعمال نہیں ہوسکا ہے۔
میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ وینٹی لیٹرز کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں 4200 کے قریب وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ ملک بھر میں 128 افراد وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں ان 4200 وینٹی لیٹرز میں سے 1350 کے قریب وینٹی لیٹرز کووڈ کیلئے استعمال کیے گئے ہیں کسی بھی شہر میں ابھی تک کووڈ والے وینٹی لیٹر50 فیصد سے زیادہ استعمال نہیں ہوئے۔
وینٹی لیٹرز کے حوالے سے حالات مکمل طورپر کنٹرول میں ہیں، آئی سی یو میں بیڈز کی بھی کوئی کمی نہیں،111157157 پر بیڈز کی فراہمی سے متعلق شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے پوری استعداد سے کام کررہے ہیں، پنجاب کے 4ڈویژن میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے، پاک فوج نے 5 ہزار جوان ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے فراہم کیے ہیں۔
ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے 9 جہازوں کا بندوبست کرلیا گیا ہے،پاک فوج کے 5 ہیلی کاپٹر بھی دستیاب ہوں گے۔
پشاور میں سب سے زیادہ وینٹی لیٹرز استعمال ہورہے ہیں جو 75 میں سے 36-37 کے قریب ایسے وینٹی لیٹر ہیں جن پر کووڈ والے مریض موجود ہیں اگر حالات اسی طرح خراب رہے تو جون کے آخر تک ہمیں 2000 کے قریب وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہوگی۔ اس کیلئے پلاننگ کرلی گئی ہے جو وینٹی لیٹرزکووڈ کیلئے ابھی مخصوص نہیں ہیں ان میں سب کچھ وینٹی لیٹرز کو کووڈ کیلئے مخصوص کیا جاسکتا ہے اس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے وینٹی لیٹرز منگوائے بھی جارہے ہیں۔














