
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وباء میں اضافے کے باعث آئندہ چند ماہ بہت تکلیف دہ
ہوں گے،ہم دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا وباء سے بہتر طریقے سے نمٹ رہے ہیں،ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد129 تک پہنچ چکی ہے،کابینہ نے اسلام آباد میں ٹیچنگ ہسپتال کے قیام،چینی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ہے جبکہ وزیراعظم نے فواد چوہدری کو آئندہ متنازع بیان نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو روز وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں ٹیچنگ اسپتال کی تعمیر منظوری دے دی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ چینی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے، سفارشات پر عملدرآمد سے چینی کی قیمت میں فرق آئے گا۔ چینی سے متعلق عمل کو شفاف بنانا ضروری ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اجلاس میں چینی کی قیمت پر تشویش اظہار کیا گیا۔ چینی کی قیمتوں سے متعلق نظام آئندہ تین ماہ میں مکمل ہوگا۔ کابینہ اجلاس میں بلوچستان میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی پر بھی بات ہوئی۔ کوشش ہے بلوچستان کی عوام کو تمام سہولیات فراہم کی جائے۔
اجلاس میں مدراس میں بھی یکساں نظام تعلیم لانے پر اتفاق کیا گیا۔شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں آن لائن تعلیمی نظام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں آن لائن تعلیمی نظام کے لیے خصوصی فنڈ کا اجرا کیا جارہا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔














