
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔انہیں ہر ممکنہ شعبہ میں سہولیات دینا
حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ترسیلات زر کے حوالہ سے مراعاتی پیکیج کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
وہ یہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مراعات دینے کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں بھیجی جانے والی ترسیلات زر کی موجودہ صورتحال اور انہیں کو مزید مراعات دینے کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ میں تقریباً 10 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوایا گیا۔کورونا کی صورتحال کے باوجود خطہ کے دوسرے ممالک کی نسبت بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ترسیلات زر میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مئی میں ترسیلات زر 20.1 ارب ڈالر تھیں جبکہ کورونا کے چار ماہ کے باوجود اس سال مئی میں ترسیلات زر 20.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر کام کرنے والے ہنرمندوں، مزدوروں اور دیگر پیشوں سے وابستہ افراد کو نہ صرف ترسیلات زر بلکہ ہر ممکنہ شعبہ میں سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک میں موجود نوکریوں کے مواقع اور مارکیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنرمندوں اور کاریگروں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ایسے قابل افراد کو بہتر مواقع میسر آ سکیں۔





































