
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں شکست سے عمران خان اور پی ٹی
آئی حکومت کے احتساب کا آغاز ہوگا،پیپلزپارٹی الیکشن جیتے گی۔ خود بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا،، ہماری پارٹی کے امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔
بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی پی گلگت بلتستان کے راہنماؤں کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کی قیادت نے علاقے کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی اور انہیں گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کو قابو پانے میں حکومتی نااہلی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کرونا وباکے دنوں میں سندھ کے انتخابی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں ہورہے، جبکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود گلگت بلتستان میں انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، وباء کے دنوں میں بھی گلگت بلتستان میں انتخابات ہوئے تو میں خود بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا، بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں ہماری پارٹی کے امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔














