
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں بجٹ پاس ہونے پر مبارکباد
دی۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ریاض فتیانہ، ملک انور تاج،جنید اکبر،صالح محمد، پرویز خٹک، مراد سعید،یعقوب شیخ، احمد حسین ڈھیڑاور پی ٹی آئی کی خواتین اراکین اسمبلی شامل تھیں۔
خواتین ارکان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کرپشن کیخلاف بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ خواتین اراکین کا قانون سازی میں اہم کردار ہے جبکہ وہ کرپشن پر کسی طور پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی جن لوگوں نے ملک لوٹا ان کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مافیاز کو ختم کیا جارہا ہے اور انہیں کوئی بھی بلیک میل نہیں کرسکتا۔ خواتین اراکین نے اپنے حلقوں سے متعلق اور خصوصی طور پر ملک میں خواتین کو درپیش تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں جس پر وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت تمام تر فوکس کورونا وباء سے نمٹنے پر ہے اور زیادہ تر وسائل بھی صحت کے شعبے پر خرچ ہورہے ہیں،تاہم ترقیاتی کاموں کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائینگے اور انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔














