احتساب عدالت: سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک)احتساب عدالت کے جج اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت توشہ خانہ ریفرنس میں طلبی کے باوجود مسلسل

غیرحاضری پر سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا اشتہار جاری کر دیا گیا۔ منگل کو سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں تین ملزمان ہیں، نواز شریف کے نام کے عدالت نے وارنٹ جاری کیے ہیں۔
نواز شریف برطانیہ میں موجود ہیں، دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹس بھیجے۔ فاضل جج نے کہاکہ کریمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا، فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے جس پر عدالت نے کہاکہ آصف علی زرداری کو کورونا ہے تو نہیں؟ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ان کے آنے سے لوگ اکٹھے ہوں گے پھر رش بنے گا، میں آصف زرداری کی طرف سے عدالت میں موجود ہوں۔ اس پر عدالت کے جج اصغر علی نے کہاکہ نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہارجاری کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری کے وارنٹ بھی جاری کر دیتے ہیں۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کی جانب سے میں عدالت میں پیش ہو رہا ہوں جس پر عدالت کے جج نے کہا کہ میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں،آپ نے جو رپورٹ پیش کی ہے وہ غیرتسلی بخش ہے۔