
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں آپس کی لڑائیوں سے آگے نکلنا چاہیے، نیب سمیت
تمام متنازع قوانین میں ترامیم کرنی چاہیے، عوام اب ہمیں آپس میں لڑتا نہیں ملکر کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اصلاحات پر بات کرنی ہوگی، حکومت اور اپوزیشن کو کم سے کم ایجنڈا پر اتفاق کرنا چاہیے، ہم نے اپنے پرانے سیٹھوں، سرمایہ داروں پر کافی خرچ کر لیا اب ہمیں نوجوانوں پر خرچ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں این ایف سی ایوارڈ اور نیب قوانین میں ترمیم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سائنسدانوں اور ٹیکنیشنز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہئے،26فروری تک کورونا وائرس کے حوالے سے کچھ بھی پاکستان خود تیار نہیں کر رہا تھا اور دنیا بھر کی طرح ہم بھی حفاظتی کٹس درآمد کررہے تھے مگر آج ہم ملک میں حفاظتی کٹس بنارہے ہیں اور100 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنائے ہیں جنہیں جمعرات یا جمعہ کو این ڈی ایم اے کو فراہم کر دیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر چیزیں امپورٹ ہوں گی تو قیمت زیادہ ہوگی، ہم نے جو وینٹی لیٹربنائے ہیں ان کی قیمت درآمد کرائے گئے وینٹی لیٹرز سے ایک تہائی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم ٹیسٹنگ کٹس بنا رہے ہیں، جن کی قیمت امپورٹڈ ٹیسٹنگ کٹس سے بہت کم ہے۔














