
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں پاکستان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتیں۔دہشت گردی
کے خلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔
اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ جب بھی پاکستان استحکام کی جانب بڑھتا ہے یہ قوتیں رخنہ اندازی کرتی ہیں۔جب ہم کشمیر کے مسئلے کو اٹھاتے ہیں معیشت کو آگے بڑھانے لگتے ہیں تو یہ قوتیں عدم استحکام کیلئے حرکت میں آجاتی ہیں -سی پیک پر انگلیاں اٹھا ئی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہمارے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے دہشتگردی کے اس عفریت کو شکست دی ہے۔میں نے پہلے بھی سلیپر سیلز کے متحرک ہونے کا عندیہ دیا تھا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں حالات کوسنجیدگی سے سمجھنا ہوگا۔ اپوزیشن نے ہماری باتوں پر توجہ نہیں دی۔مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کوسمجھنا ہوگا۔ اپوزیشن کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتا تھا لیکن اپوزیشن نے بجٹ پرتوجہ رکھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن سے بھارت کی اہمیت کم ہوجائے گی۔ بھارت افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھارتی سازشوں کو سمجھنا چاہیے۔ بھارت کوچین سے منہ کی کھانا پڑی۔ بھارت اپنے عوام کی توجہ پاکستان کی طرف موڑنا چاہتا ہے۔




































