
لا ہور (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان کے والد آصف علی
زرداری کو قتل کر نا چاہتی ہے، عمران خان بہت بہادرہیں کیونکہ وہ اسمبلی میں ہماری غیرموجودگی میں تقریرکرتے ہیں وزیراعظم صاحب ہمت ہے تومیرے سامنے تقریرکریں ٹی و ی پر بھی عمران خان سے بات کرنے کیلئے تیارہوں، ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی کمی کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے، اس کٹھ پتلی کو وزیراعظم ہاؤس سے کھینچ کر باہر پھینکنا ہو گا کٹھ پتلی حکومت کو ٹف ٹائم دیتے رہے گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں دہشت گردوں کو مارنے والوں میں رفیق سومرو کا تعلق عمر کوٹ سے ہے جنہوں نے 2 دہشت گردوں کو مارا، جامشورو سے تعلق رکھنے والے خلیل جتوئی نے ایک دہشت گرد اور نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے سلیم بروہی نے بھی ایک دہشت گرد کو مارا انہیں بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے پی ایس ایکس حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور سیکیورٹی گارڈز کو بھی سلام پیش کیا،کراچی سے لے کر اسلام آباد تک پورا پاکستان سندھ پولیس پر فخر کرتا ہے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جو سندھ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے حملے کے شہدا کے لیے پیکج کا اعلان کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے بھی اعلان کیا جائے گا۔ ملک میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، وہ لوگ جنہیں اس وبا سے متعلق کچھ علم ہی نہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کا کرو فلیٹن ہورہا ہے، ہمارے کیسز اور اموات کم ہورہے ہیں یہ سفید جھوٹ ہے۔














