
کراچی (رپورٹ: زین صدیقی،عکاسی:محمد سعاد) تحریک نفاذ اردو سند ھ کے صدر سید صلا ح الدین اختر نے کہا ہے کہ تحریک نفاذ اردو ملک گیر
تحریک ہے،جس کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق اردو کوقومی زبان کا درجہ دیا جائے اوراسے سرکاری وغیر سرکاری سطح پر نا فذ بھی کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے کراچی پر یس کلب میں ”رنگ نو ڈاٹ کام“ سے خصوصی انٹرویومیں کہی۔سید صلا ح الدین اختر نے کہا کہ دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک نے اپنی زبانوں کو رائج کر کے ترقی کی لیکن ہمارے یہاں نسلوں کو ذہنی طور پر انگر یزی کا غلام بنا دیا گیا ہے۔بدقسمتی سے لوگوں نے انگر یزی کو ترقی کا ذریعہ سمجھا ہوا ہے،یہ افسوس ناک بات ہے۔
سید صلا ح الدین اختر نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے اردو کے نفاذ کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔مظاہرے بھی کیے سیمینار زبھی۔نفاذ اردو کی توانا آواز بلند کرنے کیلئے مرحلہ واربھرپور تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ہم نفاذ اردو کیلئے سڑکوں پر آئیں گے،اسمبلیوں میں بھی جائیں گے۔سید صلاح الدین اختر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اردو کو قومی زبان کا درجہ دیکر اسے عملی طور پر نافذ کیا جائے۔




































