
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمر خان نے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلی کیشن کے اجراء کی منظوری دے دی۔ بدھ کو
یہاں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلی کیشن کے اجراء پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ بتایا جائے کس رکن اسمبلی نے ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے میں کتنا کردار ادا کیا،عوامی نمائندوں کی جانب سے نوجوان رضا کاروں کی سرپرستی ضروری ہے،ٹائیگر فورس مستقبل میں ملک کا قیمتی اثاثہ بننے جا رہی ہے۔ عثمان ڈار نے کہاکہ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ٹائیگر فورس کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹائیگر فورس کو ضلع،تحصیل،یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر مانیٹر کیا جا سکے گا،ایپلی کیشن کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے میں بھی آسانی ہو گی،کورونا سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کئے جائیں گے۔














