
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو پیغام میں اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے باہر نجی ٹی وی
چینل کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے والے صحافیوں پر فائرنگ کی مذمت کی ہے جب کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے عہدیداروں کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔
پی ایس ایف پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ تعلیمی ادارے کرونا وائرس کی وجہ سے بند ہیں مگر پھر بھی اضافی فیس وصول کررہے ہیں، کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، والدین میں اتنی سکت نہیں کہ وہ فیسیں ادا کرسکیں۔ یونیورسٹیوں کے دو سمسٹرز کی فیسیں معاف کی جانا چاہئیں، یونین پر پابندی کی وجہ سے طلبہ اپنے مسائل اجاگر نہیں کرپارہے، اچھی انٹرنیٹ اسپیڈ کے بغیر آن لائن کلاسز میں طلبہ کو دشواری ہورہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہم اپنے مستقبل پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔وبا کے دنوں میں تعلیمی اداروں سے متعلق حکومت کی کوئی واضح پالیسی سامنے نہ آنا افسوس ناک ہے۔ بہتر انٹرنیٹ اسپیڈ کے بغیر آن لائن کلاسز طلبہ کے ساتھ زیادتی ہے۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو پیغام میں اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے باہر نجی ٹی وی چینل کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے والے صحافیوں پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔














