
کراچی(ویب ڈیسک ،فوٹو:فائل)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہیکہ موجودہ حکمران اپنی اہلیت مکمل
طور پر کھو چکے ہیں، ان حکمرانوں کا قوم پر مزید مسلط رہنے کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا اگر حکمران مزید مسلط رہے تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبلجے یو آئی کراچی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فرنگی استبداد کے مقابلے میں جدوجہد آزادی کی جنگ کا اعزاز ہمارے بزرگوں کو حاصل ہے۔ ہم ان کی اصل میراث دینی اداروں ، خانقاہ سلسلوں، دعوت ، اور سیاست شرعیہ کے امین ہیں۔ ان عظیم نسبتوں کو اپنے اکابر کا ورثہ سمجھتے ہیں، ہم نے اپنے اکابر کا مشن اور تعلیمات زندہ رکھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا برصغیر کے تقسیم کیساتھ ہی ہمارے نظام تعلیم کو بھی تقسیم کیا گیا سرکار اور مدارس کے نظام تعلیم کو الگ الگ تصور کیا جاتا ہے۔ اس تقسیم کو ایک سازش تو قرار دیا جاسکتا ہے لیکن اس پر ان کے پاس کوئی دلیل موجود نہیں ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی سنیئر نائب امیر مولانا صالح الحداد ، صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو، مولانا عبدالکریم عابد ، اسلم غوری ، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث ، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی ، امین اللہ ،سمیع الحق سواتی، شرف الدین اندھڑ، مولانا ابراہیم سکرگاہی، مولانا عمر صادق، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا فتح اللہ ، مولانا عبدالرشید نعمانی، قاری نورالامین، مولانا فخرالدین رازی، مولانا اجمل شاہ شیرازی ودیگر بھی موجود تھے














