
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ستمبر میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے
کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی اورا سکولوں میں بچوں کیلئے صحت مند و محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے قبل اپنے اساتذہ اور انتظامیہ کو ڈیوٹی پر بلا سکتے ہیں۔ تاہم ہم سرکاری اسکولوں کی انتظامیہ کو طلبہ و طالبات کو حتمی فیصلہ ہونے سے قبل بلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ حکومت طلبہ کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، کورونا وائرس وباءختم ہونے کے بعد ملک بھر میں سکول و کالجز دوبارہ کھولے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب ا سکول دوبارہ کھولے جائیں گے تو ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ بچوں کی سیٹوں کے درمیان مناسب فاصلے سمیت کلاسوں کی تقسیم اور اوقات کار میں تبدیلی جیسے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ حکومت ہر ممکن آپشن پر غور کر رہی ہے، ہم کوشش کریں گے کہ رواں سال کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا جائے یا امتحانات کو آئندہ سال تک موخر کیا جائے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) ملک میں مہلک وباءکے پھیلاﺅ کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور وہی سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔














