
اسلام آباد(ویب ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ماضی میںمسلم لیگ(ن) پر غداری اور کفر کے فتوے لگائے
گئے ، اب پی ٹی آئی حکومت خود ہی بھارتی جاسوس کلببھوشن کی سزا معاف کرنے کی تیاریاں کررہی ہے ، حکومت نے کلبھوشن کیلئے خفیہ آرڈیننس جاری کیا جس پر ہمیں اعتراض ہے ، اگر یہ پارلیمنٹ میں لایا جاتا تو اور بحث کے بعد منظور ہوتا تو ہمیں کوئی اعتراض نہ ہوتا ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہمارے دور میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جب پکڑا گیا اور یہ معاملہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گیا تو اس پر تحریک انصاف نے جو غداری اور کفر کے فتوے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سب میڈیا کے ریکارڈ پر موجود ہیں اگر ہم ان تمام باتوں کو سامنے رکھیں تو موجودہ حالات میں کلبھوشن کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) نے کوئی حکومت کیخلاف فتویٰ جاری نہیں کیا بلکہ ایک دو چیزوں پر پوری اپوزیشن نے اعتراض کیا ہے جن میں وہ خفیہ آرڈیننس بھی شامل ہے جو حکومت نے جاری کیا۔ہمیں اس پر صرف یہ اعتراض ہے کہ حکومت اس کو پارلیمنٹ میں بحث کیلئے کیوں نہیں لائی اگر یہ پارلیمنٹ میں معاملہ آتا تو تمام جماعتیں اس پر بحث کرتیں اور اگر یہ منظور ہوبھی جاتا تو اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا جذبہ خیر سگالی اجاگر ہوتا ۔





































