
اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارہ کہو میں صحافی مطیع اللہ جان سے انکی رہائش گاہ پر
ملاقات کی۔بلاول نے اس موقع پر سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے اغوا اور تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کیلئے لڑی ہے، ہم جمہوریت اور پریس کی آزادی پر ایسے حملے قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ جو صحافی حکومت پرتنقید کرے اسے نوکری سے نکلوادینا افسوسناک ہے، مطیع اللہ جان کا واقعہ ہمارے آئین اور انسانی حقوق کے خلاف ہے، جب تک آئین اور انسانی حقوق کا تحفظ نہیں ہوگا مسائل نہیں حل ہوں گے۔
بلاول نے کہا کہ آپ مطیع اللہ جان کی بات پسند نہیں کرتے لیکن آپ اس سے اس کا بات کرنے کا حق نہیں چھین سکتے، ہم جمہوریت اور پریس کی آزادی پر ایسے حملے قبول نہیں کرتے، اگر آج یہ مطیع اللہ جان کے ساتھ ہوسکتا ہے کل یہ آپ کے اور میرے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔بلاول نے کہا کہ جس طرح مطیع کے بیٹے نے ٹی وی پر بات کی ہم سب حیران ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اتنی کمزور ہے کہ کسی بھی صحافی کے ایک تنقیدی ٹوئٹ سے بوکھلا جاتی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کے لئے لڑی ہے،پاکستان کے میڈیا ورکرز کو ہم کسی حالت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول بھٹو نے صحافی مطیع اللہ جان سے ملاقات کرکے ان سے اظہار یکجہتی کیا اور انکے اغواءکاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا ۔














