، ملک کی ترقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبرایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے زرعی ترقی، برآمدات میں اضافے اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے

مجوزہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی نوجوان نسل میں انتہائی باصلاحیت ہے، ملک کی ترقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے۔مجوزہ منصوبوں کی راہ حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں اپنی زیر صدارت وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خزانہ، چئیرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کوملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے گذشتہ دو سالوں میں شروع کیے جانے والے چند اہم منصوبوں، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں انجنیئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کے حوالے سے مجوزہ یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ملک بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے پلانٹس اور خصوصاً اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ یونیورسٹیوں کے اشتراک سے ملک بھر کے چار سو ہائر سیکنڈری سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیرنگ اور ریاضی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے سٹیم (STEM) منصوبہ شروع کرنے کی منظوری۔ پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کے لئے خصوصی لیب قائم کی جائیں گی۔ چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچے کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے طبی آلات کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔ زراعت کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے،زرعی پیداوار کو بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاکر ملکی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مفصل پلان بھی وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔