
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے اپریل 2021سے ملک بھر کے پرائمری اسکولوں میں یکساں نصاب نافذ
کرنے کاباضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ماڈل ٹیکسٹ بک بنا رہے ہیں جو ہمارے نصاب کی عکاسی کرے گی،7ستمبر کو فیصلہ ہوگا سکول 15ستمبر کو کھولنے ہیں یا نہیں، وزارت صحت سکول کھولنے سے متعلق ایس او پیز پر کام کر رہی ہے۔
وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی وزارت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپریل 2021سے پہلی سے پانچویں تک ملک بھر میں یکساں نصاب لاگو کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے بتایا کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر حالات ٹھیک ہو گئے تو 15ستمبر سے اسکول کھل جائیں گے،وزارت صحت سکول کھولنے سے متعلق ایس او پیز پر کام کر رہی ہے۔ شفقت محمود نے کہا ہم نے باقاعدگی سے چاروں صوبوں کیساتھ اجلاس کیے، کوئی بھی فیصلہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر نہیں کیا، تعلیم کے معاملے پر وفاق نے صوبوں کو اعتماد میں لیا، پاکستان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مثبت اقدامات کیے۔ میٹرک اور ایف اے میں بچوں کو ایک فارمولے کے تحت پروموٹ کیا ہے۔
کیمبرج کے رزلٹ کے حوالے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہا جس پر کیمبرج سے بات کی جسے انہوں نے تسلیم کیا۔شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کے باعث 7اپریل کو ٹیلی اسکول کا اجرا کیا، لیکن بچوں کو انٹرنیٹ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہا، اب پورے ملک میں انٹرنیٹ دینے جا رہے ہیں۔ شفقت محمود نے کہا وفاقی وزیر نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب کا اجرا پاکستان کی 72سالہ تاریخ میں نہیں ہو سکا تھا، اب پہلی سے پانچویں تک یکساں تعلیمی نصاب بن گیا ہے۔
تمام مکاتب فکر سے مشاورت کے بعد یہ نصاب بنایا گیا ہے،اپریل 2021سے یکساں نصاب لاگو ہو گا، ماڈل ٹیکسٹ بک بنا رہے ہیں جو ہمارے نصاب کی عکاسی کرے گی،تمام مدارس کو بھی رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے، چھٹی سے آٹھویں تک کے نصاب پر بھی کام جاری ہے۔














