
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو
قانون کو سامنے پیش ہونا ہوگا، سوالات کے جوابات دینے ہوں گے،سائیکل چور اور نواز شریف کیلئے الگ الگ قانون نہیںہوسکتا بلکہ کسی بڑے کی چوری پر اسے تین گنا زیادہ سزا ملنی چاہیے۔
منگل کو اسلام آباد میںوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پی آئی ڈی کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سندھ بالخصوص کراچی میں آئے روز کوئی نہ کوئی بحران پیدا ہوجاتا ہے، وزیراعظم جمعہ کو کراچی جاکر اہم منصوبوں کا اعلان کریں گے۔ ظاہر ہے سندھ حکومت کے تعاون کے بغیر منصوبوں پر عملدرآمد کو کیسے یقینی بنایا جاسکتا ہے، اپوزیشن فیٹف کے معاملے پر واضح کرے کہ وہ بھارتی بیانیہ کے ساتھ ہے یا پاکستان کے بیانیہ کے ساتھ، کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کیلئے وفاق نے بھی نام دئیے ہیں اختیار سندھ حکومت کا ہے، قبل ازوقت اپنے ناموں کی آگاہی نہیں دے سکتے، اس معاملے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ مشیر اطلاعات عاصم سلیم باجوہ ایک دو روز میں اپنے اثاثوں کی وضاحت پیش کردیں گے اور ان خبروں کے حوالے سے تسلی کروا دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی کی بارشوں سے تباہی کے نتیجے میں پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اندرون سندھ کے حالات کی آگاہی دی، مربوط اور خصوصی پیکیج پر غور کیا گیا تاکہ کراچی اور اندرون سندھ کے عوام کو فوری طورپر مسائل کے حل کیلئے مدد مل سکے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ مستقل بنیادوں پر کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلانا چاہتے ہیں وہاں کبھی کچرے کا مسئلہ ہوتا ہے ، کبھی پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہوتا ہے اور ٹینکر مافیا سرپرستی کررہا ہوتا ہے، سیوریج کے مسائل کھڑے ہوجاتے ہیں، ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں، خصوصی پروگرام پر غور کیا جارہا ہے اور ایسا طریقہ کاروضع کیا جارہا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف ملے۔














