
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں دئیے جانے
والے ظہرانے میں حکومت میں شامل جماعتیں وعدے پورے نہ کرنے پر پھٹ پڑیں جبکہ مسلم لیگ ق نے وزیر اعظم کے ظہرانے کا بائیکاٹ کیا ۔اتحادیوں کا کہناتھاکہ تحریک انصاف کی حکومت کے وعدے پورے نہ کرنے کے باوجود ہم ان کے ساتھ چل رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ وہ اتحادیوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے۔اس وقت اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے کےلئے تلی ہوئی ہے مگر میں ان سے کسی صورت بلیک میل نہیں ہونگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جمعرا ت کو حکومتی اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ظہرانے میں اتحادیوں کے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ ظہرانے میں چئیرمین سینیٹ،وزیراعلی پنجاب،وزیراعلی بلوچستان اور وزیراعلی کے پی کے بھی شریک ہوئے ۔ظہرانے میں وزیراعظم ، وزیراعلی بلوچستان، وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر خالد مقبول اور اسد عمر نے گفتگو کی۔اتحادیوں نے ترقیاتی فنڈز، میگا پراجیکٹ نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں کی جانب سے وزیراعظم کےسامنے حلقے کے عوام کے مسائل حل نہ ہونے پر احتجاج کیا کیا ۔ایم کیو ایم نے کراچی سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کراچی میں مسائل بہت ہیں حل کیے جائیں۔ ایم کیوایم نے شکوہ کیا کہ کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہورہا ۔ جی ڈی اے رہنماءفہمیدہ مرزا نے شکوہ کیا سندھ حکومت ہمارے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے۔فہمیدہ مرزا نے کہا ایسی ملاقاتوں کی اشد ضرورت ہے ہوتی رہنا چاہیے۔ انہوں نے نے اندرون سندھ کو نظرانداز کرنے پر تحفظات ظاہرکیے اور کہا اندرون سندھ میں وفاقی یا صوبائی حکومتوں نے کوئی میگا پراجیکٹ یا ترقیاتی کام نہیں کیے۔ا
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو مسائل کے حل کی یقین دہائی کروائی اور کہا اتحادیوں سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔وزیر اعظم کا کہناتھا میں نے آپ کے تحفظات سن لیے ہیں، جلد عملدرامد ہوتا نظر آئے گا۔ہم تمام لوگ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہیں۔آپ کو نظر آرہا ہے کہ اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے تلی ہوئی ہے۔اپوزیشن مجھے بلیک میل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔آپ سب کو معلوم ہے کہ میں بلیک میل نہیں ہونے والا۔ وزیراعظم نے آئندہ ڈھائی سالوں کو صرف کارکردگی کے سال قرار دے دیا انہوں نے کہا آئندہ ڈھائی سال حکومت اور اتحادی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔














