
کراچی( ویب ڈیسک )سندھ ہائیکورٹ میں اپنی نوعیت کی انوکھی درخواست دائر کردی گئی ،جس میں شہری کی جانب
سے کہا گیا ہے کہ 10 گرام تک چرس پینے کی اجازت دی جائے،عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں شہری غلام اصغر سائیں کی جانب سے کہاگیا ہے کہ 10 گرام تک چرس پینے کی اجازت دی جائے۔
جسٹس محمد علی مظہرنے درخواست پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ یہ آپ کیسی درخواست لے کر آئے ہیں ،کیا آپ چاہتے ہیں ملک میں سب لوگ چرس پینا شروع کردیں؟۔عدالت نے کہاکہ بتائیں آپ پر کتنا جرمانہ عائد کیا جائے ،غلام اصغر سائیں نے کہاکہ غریب آدمی ہوں مفاد عامہ کی درخواست لیکر آیا ہوں ،درخواست گزار نے کہاکہ 10 گرام چرس رکھنے پر جرمانہ بھی ختم کیا جائے ،چرس شریف لوگ پیتے ہیں جنہیں پولیس تنگ کرتی ہے،دنیا کے بیشتر ممالک میں چرس پینے کی اجازت ہے ۔
عدالت نے کہاکہ آپ کو پینی ہے تو ان ممالک میں چلے جائیں یہاں اجازت نہیں ،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ ایسی درخواستیں عدالت میں کیوں لے کر آتے ہیں ، درخواست گزار نے کہاکہ چرس پینے کی اجازت دینے سے ملک میں کی آمدنی بڑھے گی اور ریونیو بنے گا، عدالت نے کہاکہ نہیں چاہئے ایسا ریونیو ،آمدنی بڑھانے کے اوربھی جائزطریقے ہیں ۔درخواست میں وزارت قانون، وفاق اور دیگر کو فریق بنایاگیا تھا، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردی۔














