
راولپنڈی(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے اطراف بسنے
والے کشمیریوں کی جرات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج لائن آف کنڑول پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنائے گی۔
آئی ایس پی آ ر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف کو لائن اف کنڑول کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہیں راولپنڈی کور کی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی جامع طور پر آگاہ کیا گیا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایل او سی کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کی جرات کو سراہتے ہیں، بھارتی فوج جان بوجھ کر کشمیری آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج لائن آف کنڑول پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنائے گی۔ آرمی چیف کو راولپنڈی کنٹونمنٹ میں کئے گئے ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا اور اس حوالے سے سول ایڈمنسٹریشن کو بھی سراہا۔





































