
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی
ایم)نے 13دسمبر کو لاہور میں ہرقیمت جلسہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہم ہر ہتھیار استعمال کریں گے۔
اسلام آباد میںاسلام آباد میں چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی نائب صدر مسلم لیگ (ن ) مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم مو لانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس وقت پنجاب حکومت جلسہ گاہ مینار پاکستان کو ڈیم بنا رہی تاکہ وہاں جلسہ نہ ہوسکے جبکہ کہتے ہیں ہم جلسے کو نہیں روکیں گے لیکن اجازت بھی نہیں دے رہے، پھر جہاں ہم جلسہ کر رہے ہیں اس کو ڈیم بھی بنا دیا ہے تو اس کے متبادل پر بات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم طے کیا ہے کہ جلسہ ہو کر رہے گا اور ہر قیمت پر لوگ اس جلسے میں آئیں گے، ہر طرف سے لاہور لوگوں کا مرکز اور 13 دسمبر ایک تاریخی دن ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس پر اتفاق ہے کہ اگر انہوں نے ایک راستہ روکا تو دوسرا راستہ بنانا ہے اور دوسرا راستہ روکا تو تیسرا راستہ بنانا ہے۔
استعفوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ چہ مگیوں سے تحریک کو تقویت ملتی ہے، اسٹیرنگ کمیٹی میں شٹر ڈان، پہیہ جام ہڑتال، جلوس اور اسلام آباد کی طرف مارچ کس وقت کریں گے اس کا فیصلہ ہوگا اور ان تمام مراحل میں استعفوں کا ذکر ہوتا رہے گا.ان کا کہنا تھا کہ اگلے دنوں میں حکمت عملی بھی واضح کریں گے کہ استعفے کس وقت ڈھال بنا کر ان کے سر پر دے مارنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت نہیں ہے بلکہ آمریت کا ایک مہرہ ہے، جس نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے، ہم نے جمہوریت کی احیا، جمہوریت کی بقا اور آئین کے تحت حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ حکومت کی بات کرنی ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم اس حکومت کو نہ عوام کی نمائندہ سمجھتے ہیں اور نہ ہی آئینی اور جمہوری حکومت تسلیم کرتے ہیں، اب بھی اسٹبلشمنٹ ان کی محافظ بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب اسٹبلشمنٹ اس طرح کی ایک ناجائز حکومت کی محافظ بنی رہے گی تو کس طرح اس نظام کو جمہوری کہہ سکتے ہیں۔سندھ اسمبلی کے ٹوٹنے سے سینیٹ کے الیکٹورل کالج ٹوٹنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں موجود اسمبلیوں کے ذرریعے سینیٹ کے اگلے انتخابات ہوں گے تو ظاہر ہے وہ جعلی قسم کے ہوں گے اور اس کے الیکٹورل کو توڑنا ایک جمہوری اور آئینی عمل کا حصہ تصور کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کی سیاست سڑکوں پر شروع ہوئی تھی اور ہر آمرانہ دور کا مقابلہ کیا ہے اور آج بھی ہم سب مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے کے لیے نکلے ہیں، اس میں پی پی پی مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز سمیت تمام 11 جماعتیں ایک صفحے اور ایک اسٹیج پر ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اے پی سی میں 20 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم جلسے بھی کریں گے، سول سوسائٹی سے رابطے اور احتجاج بھی کریں گے۔
مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ ارکان اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کے پاس جمع ہوں گے، لاہور کا جلسہ ہر حال میں ہو گا ،جلسہ وہیں ہو گا اور ضرور ہو گا، موجودہ حکومت ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگوا رہی ہے ، ان کا تو کوئی منصوبہ ہی نہیں جس پر ہم تختی لگائیں ۔














