
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی
عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے پیش کردہ قرارداد کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی حکومت کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ان سے سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا پاکستانیوں کی کثیر تعداد گذشتہ کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مقیم ہے اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ ا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا نیامے ڈیکلریشن میں او آئی سی کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف کا اعادہ قابلِ تحسین ہے ۔ اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر سعودی عرب کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان خلیجی خطے میں تنازعات کے پر امن حل کی کاوشوں کو سراہتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہم 2021 کے آغاز میں، ریاض میں متوقع ، پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے دوسرے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فٹیف فورم پر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت خوش آئند ہے ۔














