چند سیاسی یتیم لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی

ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، اب چند سیاسی یتیم لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، اپوزیشن ایک دردناک واقعے کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات صادر کئے ہیں کہ وہ واقعہ کے ذمہ داران کا سراغ لگائیں اور ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مچھ واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے، پوری قوم جانتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی یتیم کس لئے وہاں گئے ہیں، عوام پی ڈی ایم اور اس کے بیانیہ کو مسترد کر چکے ہیں،یہ لوگ لاشوں پر سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بلوچستان میں 7 فوجی اہلکار شہید ہوئے، اس پر اپوزیشن رہنماﺅں نے کوئی بات نہیں کی، ماڈل ٹاﺅن واقعہ میں مریم نواز کے چچا ملوث تھے، اس وقت ان کے والد نواز شریف ملک کے وزیراعظم تھے لیکن ماڈل ٹاﺅن کے واقعہ کے دوران ان کو متاثرین کی یاد نہیں آئی، اب یہ اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے ہزارہ برادری سے ہمدردی کا اظہار اور ان کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کا منافقانہ رویہ ہے، ایک ایسے وقت میں جب پی ڈی ایم کی تحریک کو عوام نے مسترد کر دیا ہے تو یہ اپنی سیاست کو بچانے کے لئے ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے اس واقعہ کو اپنے ذاتی سیاسی مفاد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے حوالے سے واضح انتظامی احکامات جاری کئے ہیں، وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات صادر کئے ہیں کہ وہ واقعہ کے ذمہ داران کا سراغ لگائیں اور ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔