لانگ مارچ میں تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں‘ ن لیگ

اسلام آباد ( ویب ڈ یسک ) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ

کی جانب سے لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے حوالے سے مسلم لیگ( ن )نے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں پر واضح کیا ہے کہ وہ لانگ مارچ کےلئے اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماءاحسن اقبال کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں حکومت مخالف لانگ مارچ کی کامیابی کیلئے اپوزیشن کی حکمت عملی اور اخراجات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف ، عثمان کاکڑ ، سکندر شیر پاوَ اور میاں افتخار بھی شریک ہوئے جہاں مسلم لیگ ن اور اے این پی کی جانب سے کہا گیا کہ لانگ مارچ کے دوران تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں۔
دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دینے کا فیصلہ کرلیا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن اتحاد کا اجلاس پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا ، جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے نائب صدر مریم نواز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اے این پی سے امیر حیدر ہوتی کے علاوہ آفتاب شیرپاو¿ ، محمود خان اچکزئی اور دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی ، بتایا گیا ہے کہ اجلاس اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا گیا حکومت کے خلاف ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دیا جائے گا۔