
اسلام آباد ( ویب ڈیسک )ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر
فوجی محاصرے میں ہے اور بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، سفارت کاروں کے وفد کو نام نہاد دورہ کرایا گیا، اس طرح کے دورے محض فریب ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نیوی کی مشق امن 2021اختتام پذیرہوگئی، امن مشقوں میں 42 ممالک نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ مصر کے حوالے سے زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ اس وقت مصرکے د ورے پر ہیں، شاہ محموقریشی نے مصر کے صدر سے ملاقات کی اور مصری ہم منصب سے بھی مذاکرات کیے ہیں ، دورے کے دوران مصر کی قیادت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور مصر کے صدرکو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ کے دورہ مصر سے دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ مسعود فاو¿نڈیشن کے صدراحمدعلی مسعود پاکستان کے دورے پر ہیں، احمدعلی مسعود نے وزیراعظم اور اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کی اور افغا ن امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر 5 اگست 2019 سے فوجی محاصرے میں ہے اور بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سفارتکاروں کے ایک اور گروپ کو مقبوضہ کشمیر کا نام نہاد دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہڑتال کے ذریعے سفیروں کو سلام پیش کیا اور غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف کشمیریوں نے حقیقی جذبات کا اظہار کیا، اس طرح کے دورے محض ایک فریب ہیں ، ایسے دوروں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے توجہ ہٹانا ہے۔




































