
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)سپریم کورٹ میں سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ
سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ، بلوچستان اوراسلام آباد نے اٹارنی جنرل کے موقف کی تائید کر دی جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے آئینی ترمیم لازمی قرار دی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ افسوس پاکستان پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن میثاق جمہوریت معاہدے سے پھرگئے ، معاہدہ خفیہ طریقے کارکوختم کرنا تھا اب پرعمل نہیں کررہے۔میثاق جمہوریت کی دستاویزات اب بھی موجود ہے۔
ریفرنس پر سماعت چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربینچ نے کی ، دوران سماعت چیف جسٹس کی ہدایت پرالیکشن کمیشن نے سینیٹ ووٹرزکا ہدایت نامہ پیش کیا ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے اٹارنی جنرل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ہدایت نامہ میں متناسب نمائندگی اورخفیہ ووٹنگ کا ذکرہے اراکین اسمبلی اپنی پارٹی کے نظم ضبط کے پابند ہیں خلاف ورزی پرکارروائی ہوسکتی چیف جسٹس نے کارروائی سے متعلق پوچھا تواٹارنی جنرل نے بتایاکہ سزا صرف ووٹوں کی خریدوفروخت پرہوسکتی ہے نااہلی بھی ہوسکتی ہے ۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیے آرٹیکل 63 اے کا اطلاق سینٹ انتخابات پرنہیں ہوتا اورآرٹیکل 59 میں خفیہ ووٹنگ کا کوئی ذکرنہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے آصف زردری کے دس نشستیں جیتنے کے بیان کا حوالہ دیا تو چیف جسٹس نے کہاکہ عمومی گفتگوتوہوتی رہے گی قانون کی بات کریں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بولے آرٹیکل 226 کے تحت وزیراعظم اوروزراءاعلی کے علاوہ ہرالیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوگا،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا خفیہ رائے شماری میں متناسب نمائندگی نہ ہوئی توآئین کی خلاف ورزی ہوگی ۔ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلطان طالب الدین نے دلائل دیے ایڈووکیٹ جنرل سندھ بولے کہ ہارس ٹریڈنگ کا سب نے سنا ہے شواہد کسی کے پاس نہیں عدالت کوسیاسی سوالات سے دوررہنا چاہیے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئین بذات خود بھی ایک سیاسی د ستاویزہے آئینی تشریح کرتے وقت عدالت سیاسی کام ہی کررہی ہوتی ہے ۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اوپن بیلٹ سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہونے کا سوال اٹھایا تو چیف جسٹس نے کہاکہ اوپن بیلٹ سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتے،افسوس ہے پاکستان پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن اپنے ہی معاہدے سے پھرگئے میثاق جمہوریت میں خفیہ طریقے کارکوختم کرنے کا معاہدہ کیا لیکن دونوں پارٹیاں اب اس پرعمل نہیں کررہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی لائن کے خلاف ووٹ سامنے آنے پر الیکشن کمیشن تحقیقات کر سکے گا، پیسہ کا لین دین نہ ہوا تو بات ہی ختم ہو جائے گی، انتخابی عمل میں کرپشن پر استثنی نہیں مل سکتا، الیکشن کمیشن کو پہلے اطمینان کرنا ہے الیکشن میں گڑ بڑ ہوئی ہے۔جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس بیلٹ پیپرز سے اچھا ثبوت کوئی نہیں ہو سکتا، سب سے پکا ثبوت ہی کمیشن کے پاس نہ ہو تو کیا کارروائی ہوگی۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ کیا ووٹر کی شناخت ظاہر ہونا کرپشن کا ثبوت ہے؟، عدالت کو پارٹی ڈسپلن کو تحفظ دینے کا کہا جارہا ہے، رشوت اور ووٹوں کی خریدوفروخت الیکشن ایکٹ کے تحت جرم ہیں۔
جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ بادی النظر میں کوئی ثبوت ہو تو ووٹوں کا جائزہ لینے کا اختیار ہونا چاہیے، ووٹ کا جائزہ لیے بغیر جرم کیسے ثابت ہو گا؟جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ووٹ کو خفیہ رکھ کر جرم کی حوصلہ افزائی کرنے والی بات ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا مخصوص نشستوں پر ہونے والا الیکشن آئین کے تحت ہوتا ہے؟، خفیہ رائے شماری کا اطلاق مخصوص نشستوں پر کیوں نہیں ہوتا؟۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے الیکشن کمیشن کے ترمیم کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ آئیں کے آرٹیکل 226 میں ترمیم کیے بغیر وفاقی حکومت کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی چیف جسٹس نے شکریہ کے ساتھ جانے کا کہا تو ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ دلائل ابھی مکمل نہیں ہوئے تاہم چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان کوروسٹرم پربلا لیا ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بھی اٹارنی جنرل کے دلائل اپنائے عدالت نے سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کردی ہے۔














