
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،فوٹو فائل) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خطے کے عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے
تجارتی تعلقات کا فروغ ناگزیر ہے، یورپی یونین کی طرز پر ہمیں خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہوں گے، مسائل کا حل جنگ کی بجائے مذاکرات میں ہے، پاکستان چین اور امریکہ کے درمیان بڑھتی خلیج میں ماضی کی طرح ایک بار پھر کردار ادا کر سکتا ہے، سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں مذہبی مقامات سمیت سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پہلی پاکستان۔ سری لنکا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پکسے بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ غربت کے خاتمے کا مقصد لے کر سیاست میں آئے، 25 سال پہلے انہوں نے اپنی جدوجہدکا آغاز کیا اور کینسر ہسپتال شروع کیا کیونکہ کینسر کا علاج بہت مہنگا ہونے کے باعث عام آدمی کی دسترس سے باہر تھا، فلاحی کام کرتے ہوئے مجھے احساس ہوا کہ پاکستان کے عوام کی اکثریت غربت ، غذائی قلت اور افراط زر کا شکار ہے، پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے صدر کے ساتھ گزشتہ روز مختلف امور پر گفتگو ہوئی، اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ان کے ساتھ سیر حاصل بات چیت ہوئی، میں نے چین کے دورے کے دوران یہ دیکھا کہ انہوں نے ہول سیل اور ریٹیل میں فرق کو ٹیکنالوجی کے ذریعے کم کیا تاکہ عام آدمی کو سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے ہم غربت میں کمی لا سکتے ہیں، کاروبار کو آسان بنانا اور برآمدات بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، یہ بڑی کامیابی ہے، کاروباری سرگرمیوں کا مقصد دولت کی پیداوار اور غربت کا خاتمہ ہے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر کے ہم غربت کا خاتمہ کر سکتے ہیں
۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی استحکام اور ہمسایوں سے بہتر تعلقات بھی غربت میں کمی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، دہشت گردی سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے خطرہ ہے، میں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی کی کوشش کی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بات چیت کی دعوت دی لیکن ہمیں کامیابی نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے تجارتی تعلقات ناگزیر ہیں، یورپی یونین کی طرز پر ہمیں خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہوں گے، جنگ کی بجائے مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔














