
اسلام آ باد ( ویب ڈیسک ،فوٹو :فائل) وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا
ہے کہ کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کیساتھ تعلقات نارمل نہیں ہو سکتے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بھارت کےساتھ تعلقات کے حوالے سے جمعہ کے روز اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی، اور اتفاق ہوا کہ بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہیں ہوسکتی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک کسی قسم کی تجارت نہیں ہو سکتی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی، اس سے غلط تاثر جائے گا کہ ہم کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت سے تجارت شروع کریں۔ کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں ہوسکتے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی تجویز مسترد کردی تھی۔
ای سی سی نے بھارت سے چینی اور کپاس منگوانے کی تجویز پیش کی تھی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 19 ماہ کی بندش کے بعد پاک بھارت تجارت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سے چینی، کپاس اور دھاگا درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔














