کشمیر کے آزادی تک پاکستان میں کوئی چین سے نہیں بیٹھے گا، صدرعارف علوی

اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے تک

بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، کشمیر کے آزادی تک پاکستان میں کوئی چین سے نہیں بیٹھے گا، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان مضبوط ہو رہا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاﺅس سے ڈی چوک تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم ، وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی اعوان سمیت دیگر وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ریلی کے موقع پر سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن 2 سال قبل جموں و کشمیر کے عوام کا استحصال کیا گیا ۔ بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر دیا۔ پاکستان بھارت کے اس اقدام سے اتفاق نہیں کرتا۔
۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ڈوگرا راج میں جو مظالم کئے گئے بھارت نے ان مظالم کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہزاروں کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ ہزاروں خواتین بیوہ ہوئی ہیں۔بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قرار دادوں میں کشمیریوں کو ان کا حق خوداردیت دینے کا وعدہ کررکھا ہے۔