آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات

راولپنڈی (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی،فوٹو فائل)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکہ کی ناظم الامور انجیلا

ایگلرنے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ طویل المدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کے لئے پرعزم ہے اور پرامن تصفیے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا اور اس کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔