
نیویارک ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں وینزویلا میں امریکی
فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مندوب، عثمان جدون، نے کہا کہ یکطرفہ فوجی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستی خودمختاری کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عثمان جدون نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات آنے والے برسوں تک غیر متوقع اور بے قابو نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیریبین خطے میں عدم استحکام نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کا منشور تمام ممالک کو پابند کرتا ہے کہ وہ کسی دوسری ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں۔
عثمان جدون نے مزید کہا کہ وینزویلا میں کی گئی فوجی کارروائی کے دوران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کی گئی، جس پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
قائم مقام مندوب نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات ایک خطرناک نظیر قائم کرتے ہیں اور عالمی قانونی ڈھانچے کی بنیادوں کو کمزور کرنے کا خدشہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ نازک صورتحال میں آگے بڑھنے کا واحد مؤثر راستہ مکالمہ، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری ہے۔














