ملک کے وسیع مفاد میں 27اکتوبرکو نکل رہے ہیں

راولپنڈی ( ویب ڈیسک )جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے ملک و قوم کے

وسیع تر مفاد کے ایک بڑے مقصد کیلئے 27اکتوبر کو نکل رہے ہیں،پوری قوم اور اسکا مینڈیٹ ہمارے ساتھ ہوگا،چارٹر آف ڈیمانڈ پرکو ئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل(ر)حمید گل مرحوم کی اہلیہ اورمحمد عبداللہ گل، عمر گل کی والدہ ماجدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے حمید گل مرحوم کی عسکری رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کے بعد ہاں موجود شرکا سے غیر رسمی گفتگو میں مولا نا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نہ ڈرنے والے ہیں اور نہ روکنے اور جھکنے والے ہیں آزادی مارچ کے حوالے سے جو کہا ہے وہ کر کے دکھائیں گے اور ہمارے مطالبات تسلیم ہوں تو پھر بات بنے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ پرکو ئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہوگی ۔

 سوگوار خاندان سے ہمدردی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل حمید گل کی بیوہ ایک عظیم خاتون رہنما تھیں اور انہوں دین اور دنیا کی بھلائی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور وہ حقیقی معنوں میں اپنی ذات میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتی تھیں ،اور ہم ان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعائے مغفرت بھی کروائی ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جنرل حمید گل مرحوم کے اسلام ،کشمیر اور افغانستان کے نظریئے اور اس کی روح کے عین مطابق بیاینے پر عمل پیرا ہوکر ہم ملک کو درپیش سیاسی بحران اور معاشی ،مالیاتی اور اقتصادی بدحالی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔