زلزلے کےآفٹر شاکس ،جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی

آزاد کشمیر میں زلزلے کے مزید جھٹکے محسوس کیے گئے،جس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔

آزاد کشمیرمیں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 37  ہوگئی اور452 افراد زخمی ہوئے۔ جاتلاں کا روڈ تباہ جب کہ منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ اورمتعدد پل زمین بوس ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے دستے متاثرہ علاقوں کے سروے کیلئے پہنچ گئے جب کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پرریسکیو ٹیمیں بھی میرپورپہنچ گئیں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل نے زلزلہ سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔

گزشتہ روز شام 4 بجے آزاد کشمیر، اسلام آباد سمیت پنجاب اورخیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔  گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلے کا مرکز جہلم سے پانچ کلو میٹر شمال کی جانب تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔