
لاہور، اسلام آباد (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں تیزہواؤں ،بارشوں اور یالہ باری سے ہونے والی اموات کی تعداد 33 ہوگئی ہے،بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب
آگئے جبکہ گندم کی تیار فصل کو بھی شد ید نقصان پہنچا ہے۔بارش سےاوکاڑہ کے جنگل میں آگ لگنے سے 8 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، بولان میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے، ڈی آئی خان کی تحصیل پروا کے علاقہ لنڈا اڈا میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 8 سالہ بچی نجمہ جاں بحق اور دو بچے زخمی ہو گئے، راجن پور کے نواحی علاقہ نوشہرہ غربی میں 2افراد سیلاب میں بہہ گئے، ایک کو نکال لیا گیا، اللہ ڈیوایا کی نعش نہیں مل سکی۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 26 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بارش سے لیسکو کا سسٹم دم توڑ گیا اور 200 فیڈر ٹرپ کر گئے، آدھے سے زیادہ لاہور اندھیرے میں ڈوب گیا ۔ ادھر جنوبی پنجاب میں بارش سے بڑے پیمانے پر گندم کی تیار فصل متاثر ہوئی ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بدھ کو بالائی سندھ، کشمیراور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی،بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔














