
نیویارک/ لندن (ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ 53218
افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ اور برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سپین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 950 اموات کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 348 سے تجاوز کرگئی۔
قبل ازیں اٹلی میں اموات 10 ہزار سے زیادہ ہو گئی تھیں۔ امریکہ میں اموات کی تعداد چھ ہزارسے بڑھ گئی ہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 53 ہزار سے زیادہ لوگ اس میں مبتلا ہونے کے بعد دم توڑ چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے اٹلی میں 13915، سپین میں 10348، امریکہ میں 6088، فرانس میں5387، چین میں 3322، ایران میں 3160، برطانیہ میں 2926، نیدرلینڈ میں 1341، جرمنی میں 1107، بیلجیئم میں 1011 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
گزشتہ روزامریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1169 تھی جو کہ کسی بھی ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک 6000 سے زیادہ افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں 244000 سے زیادہ مصدقہ مریض ہیں۔ امریکہ کا شہر نیو یارک 1500 سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ سب سے ب±ری طرح متاثر ہوا ہے۔














