
گڑھی خدابخش(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وبا کے پیش
نظر گڑھی خدابخش میں اپنے نانا اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی 41 ویں برسی پر ان کے مزار پر تنہا پھول چڑھائے۔ انھوں نے محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کی مزاروں پر بھی پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی پارٹی سربراہ نے کہا ہے کہ آج کڑے وقت میں پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت جواختلافات فراموش کر کے ساری قوم کو مہلک وبا سے نکالنے کے لئے قیادت کرے۔ جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے بیان میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 41 سال گزرنے کیباوجود قائداعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو لوگوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔
اانہوں نے عوام کو اپنے حقوق سے آگاہی دے کر استحصالی قوتوں کو شکست دی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت ان کے اصولوں اور نظریہ پر کام کر رہی ہے۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ چار اپریل کو ملک بھر سے جیالے گڑھی خدابخش جمع ہوتے ہیں، ہر سال شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کو چار اپریل کو گڑھی خدا بخش میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آج میں اکیلا دعا مانگنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں،میرے اکیلے گڑھی خدا بخش آکر دعا مانگنے کی وجہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلا ؤ ہے۔دنیا بھر کی حکومتیں اپنے عوام کی زندگیوں اور صحت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کررہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں بھی آپ کی زندگی کو بچانے اور صحت کے تحفظ کے لئے مشکل فیصلے لئے جارہے ہیں،میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں کہ جو اس مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کررہے ہیں،میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام غریبوں کی مدد کررہے ہیں، سندھ حکومت مختلف فلاحی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے،سندھ حکومت کوشش کررہی ہے کہ تمام مستحقین کو راشن پہنچاسکے، سندھ حکومت نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام کم سے کم مشکلات سے دوچار ہوں، سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ اس بحران میں کسی کو بے روزگار نہیں کرسکتا،۔





































