قوم چاہے تو8ہزارارب ٹیکس اکھٹا کرسکتے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد( ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو

ملک قرضوں سے کیسے نجات حاصل کرے گا۔آخری وقت میں اثاثے ظاہر کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

سرکاری ٹی وی  پروزیراعظم کی اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم  سے متعلق خصوصی نشریات ”آپ کا پیسہ آپ کے کام“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ہماری پہلی نسل ہے جو آزاد ملک میں پیدا ہوئی، اس سے قبل ہمارے آباؤ اجداد انگریزوں کے غلام تھے،جس طرح انگریزوں نے ایک غلام قوم کے پیسے سے محلات بنائے، بدقسمتی سے پاکستان کے حکمرانوں نے عوام کو یہ نہیں بتایا کہ ان کی حکومت ہے بلکہ انگریزوں کی طرز پر قومی پیسے پر طرز زندگی اختیار کیا اور آج 70 سال گزرنے کے بعد  بھی ہم دنیا کے کم ترین جی ڈی پی گروتھ والے ملک ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ضمانت دیتا ہوں کہ فائلر بننے کے بعد کوئی حکومتی ادارہ انہیں تنگ نہیں کرے گا، ایف بی آر میں اصلاحات کے ساتھ ای گورننس بھی ہماری ترجیح ہے بجٹ منظوری کے بعد اقتصادی ٹیم کے ہمراہ اس پر کام کریں گے، ہمیں مل کر ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایف بی آر پر اعتماد نہیں اور لوگ ٹیکس نیٹ میں آتے ہوئے ڈرتے ہیں اس کی وجہ کرپشن ہے، سابق حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک میں ٹیکس کلچر فروغ نہ پا سکا لیکن اب عوام یہ فیصلہ کریں کہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ہمیں مل کر ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے، اگر عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک قرضوں سے کیسے نجات حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر قوم چاہے تو ہم 8 ہزار ارب روپے ٹیکس آسانی سے اکٹھا کر سکتے ہیں، یہ وہ قوم ہے جو سیلاب یا کسی بھی مشکل وقت میں بڑھ چڑھ کر آگے آتی ہے۔ وزیراعظم نے کہ ہم 48 گھنٹوں کے اندر آئندہ لائحہ عمل قوم کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 22 سالہ سیاست میں آیا اور سیاست میں آنے کا مقصد کرپشن کا خاتمہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بدعنوانی ہے، بدعنوانی کی وجہ سے ہی مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی ہے، ادارے اگر مضبوط ہوں تو کوئی کرپشن اور ٹیکس چوری نہیں کر سکتا، جب تک ملک کا حکمران ایماندار نہیں ہو گا، نیچے کرپشن ختم نہیں ہو سکتی، جب حکمران جوابدہ ہو گا تو ملک کا نظام بھی بہتر ہو گا ۔