کراچی کے19 مقامات ٹریفک حادثات کے حوالے سے ’’ انتہائی حساس‘‘

کراچی(رنگ نوڈاٹ کام) یوں تو شہرقائد  کے تمام علاقوں میں سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک نظام کی ابتری اور ٹریفک قوانین

 کی بے تحاشہ خلاف ورزیوں کے نتیجے میں حادثات معمول کا حصہ بن چکے ہیں،جن میں روزانہ درجنوں افراد زخمی و موت کا شکار ہوجاتے ہیں،تاہم کراچی کے 19مقامات ایسے ہیں جنہیں ٹریفک حادثات کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے تحقیق کے بعد  مذکورہ مقامات کو حساس قرار دے دیا ہےجہاں  پر ٹریفک حادثات بھاری جانی اور مالی نقصان کی وجہ بنتے ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس نے جن 19مقامات کی نشان دہی کی ہے ان میں شارع فیصل، ڈیفنس خیابان محافظ، شارع پاکستان، حکیم ابن سینا روڈ، لیاقت آباد 10نمبر کے قریب، تین ہٹی،راشد منہاس روڈ،جوہر موڑ، ڈرگ روڈ، گل بائی، ماری پور روڈ، آئی سی آئی برج، کورنگی انڈسٹریل ایریا چمڑا چورنگی سے ویٹا چورنگی تک،نیشنل ہائی وے سے ملیر 15 تک، سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب، حب ریور روڈ ، ایم اے جناح روڈ، 4کے چورنگی سرجانی ٹاؤن اور گلبرگ کےمختلف علاقےشامل ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ان شاہراہوں اور سڑکوں پر عوام کا سڑک بھاگ کر پار کرنا، تیز رفتاری اور سگنل یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔
ان مقامات پر گزشتہ سال 88 ٹریفک کے حادثات میں 71 افراد اپنی جان سے گئے۔ جبکہ ان مقامات پر اِس  سال اب تک 30 سے زائد حادثات رونما ہوچکے ہیں جن میں  قیمتی جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ 
کراچی ٹریفک پولیس  کے مطابق  عوام ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں تو کافی حد تک ان حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔