
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )سائیگاؤں ویلفیئر ایسوسی ایشن (ایس ڈبلیو اے)کےصدر محمد سمیع الدین
انصاری اور جنرل سیکریٹری راشد مہتاب سلفی نے نیو کراچی میں ہائی روف اور رکشے کے تصادم میں 2بچوں اور 6افراد کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی نااہلی نے کراچی کے شہریوں کی زندگی کو خطرات سے دوچار کردیا ہے ۔
پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز اور گاڑیوں میں دوران سفر پیٹرول رکھنے کی اجازت دینے سے شہر میں اس طرح کے مزید واقعات رونما ہوسکتے ہیں ۔ حکومت فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے قوانین کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔
انہوں نے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ جاں بحق افراد کے درجات بلند کرے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں اس طرح کا واقعہ کوئی پہلی مرتبہ رونما نہیں ہوا ہے ۔ماضی میں بھی اس طرح کی غفلت سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا رہا ہے لیکن حکومت نے اس مسئلے کے تدارک کے لیے آج تک کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا ہے ۔














