
کراچی (ویب ڈیسک) مفتی منیب الرحمن نے پاکستان بھر کی(بشمول آزاد کشمیر وگلگت بلتستان)مساجد کے ائمہ وخطبا ء اور انتظامیہ
سے کہا ہے کہ وہ پنج وقتہ نماز وں،جمعہ اور رمضان ِمبارک میں صدرِ پاکستان کی طرف سے متفقہ طور پر جاری کردہ 20 نکاتی ضابطہ کار کی پابندی کریں، اگر کہیں خلاف ورزی ہوئی تو حکومت کو کارروائی کا اختیار ہے۔
انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ شہروں کی گنجان آباد بستیوں میں جہاں مسجدیں سائز کے اعتبار سے چھوٹی ہیں،وہ عذر کی بناء پر جمعۃ المبارک کے دن ایک گھنٹے کے وقفے سے دو جماعتوں کا اہتمام مع خطبہ کرسکتے ہیں کیونکہ پوری دنیا ایک اضطراری صورتِ حال سے گزر رہی ہے۔مثال کے طور پر پہلا جمعہ ایک بجے ادا کیا جائے اور خطبہ ونماز ودعاء 15 سے 20 منٹ میں مکمل کرلی جائے اور پھر لوگوں کو ترتیب سے مسجد سے روانہ کیا جائے۔
مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ دیندار لوگوں کی شرعی، اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اقرار نامے کا پاس رکھیں۔ انہوں نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتفاقِ رائے پیدا کر کے احسن طریقے سے اس مسئلے کا حل نکالا، حکمران وہی کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے ملک کے معروضی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے حکمت ودانش سے کام لیں۔














